وزیراعظم عمران خان نے پرویز خٹک کو نوشہرہ الیکشن دھاندلی سے متعلق شواہد اکھٹا کر کے الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے پرویزخٹک کو نوشہرہ الیکشن دھاندلی سے متعلق شواہد اکھٹا کرنے اور نوشہرہ الیکشن دھاندلی کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
اجلاس میں وزیر دفاع پرویزخٹک نے وزیراعظم کو نوشہرہ الیکشن میں شکست کی وجوہات سے آگاہ کیا جبکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اراکین نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔
اراکین اسمبلی نے شکوہ کیا کہ بیوروکریسی اراکین اسمبلی کوکوئی اہمیت نہیں دے رہی اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ ہمارے لئے نوگو ایریا بن چکا ہے جبکہ تھانوں میں ایک بار پھر روایتی پولیس کلچر شروع ہو گیا ہے۔
یاد رہے تحریک انصاف کے امیدوار نے پی کے 63 نوشہرہ کے انتخابی نتائج کو چیلنج کر دیا ہے، جس میں کہا کہ انتخابی عملے نے سیریل نمبر، ووٹوں کی تفصیل میں واضح رد و بدل کی، فارم 46 کی مختلف ریکارڈ پر مشتمل 2،2 تصدیق شدہ کاپیاں جاری کی گئیں۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ ایک پولنگ اسٹیشن پر 1500 بیلٹ پیپرز غائب پائے گئے، پولنگ اسٹیشن نمبر 41 میں 1200 بیلٹ پیپر جاری، 483 ووٹ کاسٹ ہوئے اور 717 کے بجائے 1317 بیلٹ پیپرز ریٹرننگ آفسر کو واپس کئے گئے۔
دائر درخواست میں کہا تھا کہ ایک پولنگ اسٹیشن پر 1800 بیلٹ پیپر جاری مگر 2400 ووٹ کاسٹ ہوئے، 40 فیصد پولنگ اسٹیشنز پر بد انتظامی، بے قاعدگیاں سامنے آئیں۔
خیال رہے نوشہرہ کے حلقہ پی کے 63 کے 6000 ووٹ غائب ہونے کا انکشاف سامنے آیا، ذرائع کا کہنا تھا کہ جیت کا فرق 4100 جبکہ غائب ووٹوں کی تعداد 6000 سے زائد ہے اور تصدیق شدہ فارم 46 میں واضح فرق سامنے آ گیا، 6000 ووٹوں کا ریکارڈ نہیں۔