کیماڑی پولیس نے حساس اداروں کیساتھ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا، ملزم منصور عرف انیل ایس آر اے کا سرگرم کارکن ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیماڑی پولیس نے حساس اداروں کیساتھ کارروائی کی اور کارروائی کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا، گرفتار دہشت گرد کی شناخت منصورعلی عرف انیل کے نام سے ہوئی۔
یس ایس پی کیماڑی فدا جانوری کا کہنا ہے کہ ملزم سےایک کلو دھماکا خیز مواد، 2 ریسیور، بوناوائر، بارودی سرنگ اور ایک پستول برآمد ہوا، مبینہ دہشت گرد کو اتحاد ٹاؤن سے ٹارگٹڈ آپریشن میں گرفتار کیا گیا۔
فداجانوری نے بتایا کہ ملزم منصورعرف انیل ایس آر اے کا سرگرم کارکن ہے اور اس نے باقاعدہ را سے بھارت میں تربیت حاصل کی ہے، ملزم ٹرانسپورٹ، دہشت گردی کے مقصد کیلئے حساس مقامات کی ریکی کرتا رہا ہے۔
ایس ایس پی کیماڑی نے کہا کہ اصغرشاہ گروپ کی زیادہ تر دہشت گردی کی کارروائیاں ہوتی ہیں، اس گروپ کی کارروائیوں کا مقصد سی پیک اور حساس تنصیبات کو نقصان پہنچانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریلوے،گیس پائپ لائن پرآئی ای ڈی لگا کر نقصان پہنچانا گروپ کا مقصد ہے جبکہ کارروائیوں میں سول و قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے افسران کو نقصان پہنچانا، پولیس و رینجرز کی موبائلوں پر حملہ شامل ہیں تاہم گرفتار مبینہ دہشت گرد سےمزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
فدا جانوری نے مزید کہا کہ را کئی دہائیوں سے پاکستان میں انتشار پھیلانے میں مصروف ہے اور پاکستان میں بالواستہ دہشت گردی پھیلائی جا رہی ہے ایک گروپ سندھی قوم پرستوں کی آڑ لے کر تخریب کاری کر رہا ہے، دہشت گرد تنظیم کا سربراہ اصغر شاہ ہے اصغرشاہ پاکستان سے فرار ہے اور را سے رابطوں میں ہے۔