این اے 75 ڈسکہ ضمنی الیکشن میں دوبارہ پولنگ یا نتیجے جاری کرنے سے متعلق فیصلہ آج ہو گا، الیکشن کمیشن نے ڈی ایم او اور ریٹرننگ آفیسر کو آج طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کے مکمل نتائج جاری کرنے یا دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ آج کیا جائے گا، اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے ضلعی مانیٹرنگ افسر اور ریٹرننگ آفیسر کو طلب کر رکھا ہے۔
ریٹرننگ افسر نے ن لیگ درخواست پر بیس پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کا اعلان روک کر ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا تھا۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی امیدوارکو 20 پولنگ اسٹیشن پر ری پولنگ درخواست کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیشہ صاف اور شفاف انتخابات کیلئے جستجو کی ہے، پی ٹی آئی امیدوارسے کہوں گا 20 پولنگ اسٹیشن پر ری الیکشن کا مطالبہ کرے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے حتمی نتیجے تک ری پولنگ کی قانونی مجبوری نہیں، اپوزیشن نے ڈسکہ کے نتائج پرغیر ضروری رونا دھونا مچایا ہوا ہے، شفافیت چاہتے ہیں اس لئے سینیٹ الیکشن میں اوپن ووٹنگ کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے غیر سرکاری نتائج میں پی ٹی آئی کےعلی اسجد ملہی کو 7827 ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔
واضح رہے چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے این اے75 کے ضمنی انتخاب میں انتخابی عملہ تاخیر سے پہنچنے اور 20 پولنگ اسٹیشنوں کے ریکارڈ کی تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ڈی آر او اور آر او نے بتایا 20 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج میں رد و بدل کا شبہ ہے، صوبائی الیکشن کمشنر کو فوری ریکارڈ محفوظ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا مکمل انکوائری کے بغیر حلقے کا غیر حتمی نتیجہ جاری کرنا ممکن نہیں۔
جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ 20 پولنگ اسٹیشنوں کے انتخابی عملے نے خود کو لاپتہ کر لیا ہے، چیف سیکرٹری اور آئی جی نے لاپتہ عملے اور پولنگ بیگز ٹریس کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔