وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے ساتھ ناروا سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ سے رپورٹ طلب کر لی اور ہدایت کی حلیم عادل شیخ کو ضروری طبی سہولتیں مہیا کی جائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے ساتھ ناروا سلوک کا نوٹس لے لیا اور چیف سیکریٹری سندھ سے رپورٹ طلب کر لی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ معزز رکن سندھ اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر ہیں، ان کے بنیادی انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے اور ان کو ضروری طبی سہولتیں مہیا کی جائیں۔
یاد رہے پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے کہا تھا کہ حلیم عادل شیخ کی جان کو حکومت سندھ سے خطرہ ہے، کسی کارکن کو نقصان ہوا تو ذمہ دار مراد علی شاہ ہوں گے این آئی سی وی ڈی میں کرپشن بے نقاب کرتے رہے ہیں، این آئی سی وی ڈی میں بھی کوئی سازش ہو سکتی ہے۔
انھوں نے وزارت داخلہ سے مطالبہ کیا تھا کہ حلیم عادل شیخ کی سیکیورٹی کے لیے فوری رینجرز تعینات کرے۔
واضح رہے تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کو دل میں تکلیف ہوئی تھی، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جس کے بعد پی ٹی آئی نے الزام لگایا تھا کہ جیل منتقل ہونے کے بعد حلیم عادل شیخ کو گینگ وار سمیت دیگر غنڈہ عناصر نے تشدد کا نشانہ بنایا، آرتھو پیڈک سربراہ اے آر جمالی نے حلیم عادل شیخ کا معائنہ کر کے راڈ لگی ہوئی ٹانگ سمیت جسم کے دیگراعضاء پرچوٹوں کی تصدیق کی تھی۔