پیر, مئی 10
2
پاکستانخبریںمشرق وسطی

ہم وطنوں‌ کی شکایت پر سعودی عرب میں‌ تعینات پاکستانی سفارتکاروں کے خلاف ایکشن

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کی شکایات کے بعد سفارتکاروں کو وطن واپس بلا لیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب میں پاکستانی سفارتکاروں کی شکایات ملی تھیں، پاکستانی شہریوں کی شکایت پر مذکورہ سفارت کاروں کو وطن واپس بلا لیا ہے‘۔

وفاقی وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ ’اگر کسی اور ملک سے سفارتکاروں کی شکایت ملی تو انہیں بھی وطن واپس بلا لیا جائے گا‘۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی آج تین روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں، اس دورے میں وہ یو اے ای حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کے اعزاز میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کی جانب سے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پہنچنے پر کونسل کے صدر اور دیگر عہدیداروں نے وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا، جس پر شاہ محمود قریشی نے میزبانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان معاشی سفارتکاری کو بروئےکار لا رہا ہے، جس کے تحت دنیا کی توجہ پاکستان میں کثیر کاروباری مواقعوں پر مبذول کرائی جا رہی ہے، وبائی صورتحال کے باوجود معاشی سفارتکاری کے مثبت نتائج مل رہے ہیں، یو اے ای کے ساتھ کثیرالجہتی، تجارتی تعلقات میں روز بروز بہتری آ رہی ہے‘۔

اُن کا کہنا تھاکہ ’یو اے ای دورے کا مقصد کثیر الجہتی شعبہ جات میں تجارتی روابط  اور تعاون کا فروغ ہے، خوشی ہے پاکستانیوں کی کثیر تعداد متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے، پاکستانی کمیونٹی محنت و لگن سے تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے‘۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’اوور سیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور اُن کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے‘۔

یو اے ای میں پاک بھارت وزرائے خارجہ کی بیک وقت موجودگی پر دفتر خارجہ کی وضاحت:
متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی موجودگی کے بعد مختلف قیاس آرائیوں نے جنم لیا۔ جس پر دفتر خارجہ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ کی بھارتی ہم منصب سے ملاقات شیڈول نہیں اور نہ ہی اس کا کوئی امکان ہے’۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے