ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ روبینہ اشرف کا کہنا ہے کہ انہوں نے اداکاری چھوڑی نہیں تاہم انہوں نے ایک مختصر بریک ضرور لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی اداکارہ روبینہ اشرف نے نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں شرکت کی۔ روبینہ نے بتایا کہ انہوں نے اداکاری چھوڑی نہیں تاہم ایک وقفہ ضرور لیا ہے۔
روبینہ اشرف نے بتایا کہ ان کا ایک ادھورا کام تھا جسے وہ مکمل کروانا چاہتی تھیں اور وہ کام کرونا وائرس کے پیش نظر تمام ایس او پیز کے ساتھ کیا گیا اس کے باوجود وہ پورا وقت تناؤ اور خدشات کا شکار رہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد انہوں نے فیصلہ کرلیا کہ اب ان کا بریک لینا ضروری ہے اور وہ کچھ عرصے بعد دوبارہ کام کی طر ف واپس لوٹیں گی۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل روبینہ اشرف کووڈ 19 کا شکار ہو گئی تھیں، ان کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ وہ آئی سی یو میں ہیں تاہم ان کی بیٹی نے ایسی تمام افواہوں کو مسترد کر دیا تھا۔
کئی دن اسپتال میں گزارنے کے بعد روبینہ اشرف صحتیاب ہو کر گھر منتقل ہو گئی تھیں۔