ہالی وڈ کی سائنس فکشن سپر ہیرو فلم کو ابتدائی طور پر رواں برس جون میں ریلیز کیا جانا تھا تاہم اس وقت دنیا بھر میں پھیلی ہوئی کورونا کی وبا کے باعث اس کی ریلیز ملتوی کردی گئی تھی۔
بعد ازاں ’ونڈر وومن 1984‘ کو اگست 2020ء میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اگست میں بھی امریکا سمیت دنیا بھر میں کرونا کے باعث نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی ہونے کے باوجود سینما ہاؤسز نہیں کھولے گئے تھے جس کی وجہ سے ’ونڈر وومن‘ کی ریلیز کو اکتوبر تک مؤخر کیا گیا تھا تاہم کرونا وبا کے باعث فلم کی ریلیز کو دسمبر تک ملتوی کیا گیا تھا-
اور اب فلم کی پروڈکشن کمپنی وارنر برادرز نے تصدیق کی ہے کہ فلم کو آئندہ ماہ کرسمس کے موقع پر سینما گھروں سمیت اسٹریمنگ ویب سائٹ ایچ بی او میکس پر بھی ریلیز کیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں وارنر برادرز اور ونڈر وومن 1984‘ کے ڈسٹری بیوٹر اے ٹی اینڈ اے کے عہدیداروں کا حوالہ دیتےہوئے بتایا کہ فلم کو آئندہ ماہ 16 دسمبر سے ریلیز کرنا شروع کر دیا جائے گا۔
فلم کو امریکہ میں مختص سینما گھروں سمیت دنیا بھر میں وہاں سینما ہالز میں پیش کیا جائے گا، جہاں اسٹریمنگ ویب سائٹ ایچ بی او میکس کی سروس میسر نہیں ہو گی۔
ونڈر وومن 1984‘ کو ابتدائی طور پر یورپ کے کچھ ممالک سمیت ایشیائی ممالک میں 16 دسمبر کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے، تاہم فلم کو امریکہ سمیت ایچ بی او میکس پر کرسمس کے موقع پر 25 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔