کراچی کے عوام کو درپیش مسائل پر شدید تشویش ہے، وزیراعظم عمران خان

شعیب سعید آسی

وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے مسائل کےحل کیلئے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے قانون سینیٹر فروغ نسیم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت کراچی صفائی مہم اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں کراچی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج، صفائی اور ماس ٹرانزٹ سسٹم سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء فروغ نسیم، خسرو بختیار، خالد مقبول صدیقی اور علی زیدی سمیت دیگر حکام بھی شریک تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کا معاشی حب ہونے کے ناطے پاکستان کا مستقبل کراچی کے مستقبل سے جڑا ہے، ماضی کی بے انتظامی اور غفلت کا خمیازہ کراچی کی عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے اور ان کی زندگیوں کو صحت کے معاملے میں شدید خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو درپیش مسائل پر شدید تشویش ہے، وفاقی حکومت چاہتی ہے کراچی کے مسائل کو حل کیا جائے اور کراچی کے عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی کےعوام کو درپیش مسائل کے حل میں ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کلین کراچی مہم جاری رکھنے کی ہدایت کی اور شہر کے مسائل کےحل کیلئے وفاقی وزیر برائے قانون فروغ نسیم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی میں وزیر بحری امور علی زیدی، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، ڈی جی ایف ڈبلیو او اور دیگر ممبران شامل ہوں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی کو مجوزہ لائحہ عمل سے متعلق سفارشات جلدازجلد پیش کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ کمیٹی کراچی کےمسائل کے حل میں وفاقی حکومت کی جانب سے لائحہ عمل تشکیل دے گی۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی مسائل کے حل کیلئے شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم لائحہ عمل مرتب کرے گی۔

آپ کا ردعمل؟

پوسٹ کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔


فیس بک کمنٹس