25 جنوری, 2021

دنیا بھر میں کرونا وائرس انفکیشن سے اموات کی تعداد 13 لاکھ سے تجاوز کر گئی، کرونا کی اس دوسری لہر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7 ہزار 300 افراد ہلاک جب کہ 5 لاکھ سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی۔

شنگھائی کی نجی سافٹ ویئر سلوشن کمپنی کی ریفرنس ویب سائٹ ورلڈ و میٹر کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں نئے کرونا وائرس کووِڈ19 سے ہلاکتیں 13 لاکھ 32 ہزار 300 ہو گئی ہیں۔

یہ مہلک وائرس اب تک دنیا کے 217 ممالک اور علاقوں میں 5 کروڑ 53 لاکھ 49 ہزار انسانوں کو متاثر کر چکا ہے، دوسری طرف وائرس سے لگنے والی بیماری سے اب تک 3 کروڑ 84 لاکھ 93 ہزار مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

چین سے نمودار ہونے والے اس وائرس نے سب سے زیادہ تباہی امریکا میں پھیلائی، اب تک وائرس سے امریکہ میں 2 لاکھ 52 ہزار افراد جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 15 لاکھ 38 ہزار ہے، جن میں 70 لاکھ 19 ہزار مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

بھارت میں کرونا بدستور بے قابو ہے، ایک دن میں مزید 28 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے، مجموعی متاثرین کی تعداد 88 لاکھ 74 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اموات 1 لاکھ 30 ہزار ہو چکی ہیں۔

برازیل میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں بڑھ کر 1 لاکھ 66 ہزار ہو گئی ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 58 لاکھ 76 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ فرانس میں ایک بار پھر کرونا کیسز کی رفتار بڑھ گئی ہے اور یہ کیسز کی تعداد کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر آ گیا ہے، فرانس میں کیسز کی تعداد 19 لاکھ 91 ہزار ہو چکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 45 ہزار ہے۔

روس میں وائرس سے اموات 33 ہزار 400 سے زائد ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 19 لاکھ 48 ہزار ہو چکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے