28 جنوری, 2021
8
خبریںبین الاقوامیدیگر سپورٹسکھیل

ٹوکیو اولمپک: انٹرنیشل اولمپک کمیٹی کا اہم اعلان

انٹرنیشل اولمپک کمیٹی کے سربراہ اور جاپانی وزیراعظم نے ٹوکیو اولمپک کے انعقاد کے لئے آپس میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی او سی کے سربراہ تھامس باخ نے جاپان کا دورہ کیا اور وزیراعظم جاپان سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات تیس منٹ تک جاری رہی۔ملاقات میں جاپانی وزیر اعظم سوگا نے کہا کہ جاپان آئندہ موسم گرما میں گیمز کے انعقاد کا عزم رکھتا ہے، جس کا واضح پیغام یہ ہوگا کہ بنی نوع انسان نے وائرس پر قابو پا لیا ہے، ان مقابلوں سے دنیا کو یہ بھی دکھایا جا سکے گا کہ جاپان میں 2011ء کے زلزلے اور سونامی سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیسے ممکن ہوئی ہے۔

ملاقات میں جاپانی وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت آئی او سی کے ساتھ قریبی تعاون سے کھیلوں کو محفوظ انداز میں منعقد کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی، اس موقع پر آئی او سی کے سربراہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم ایک بار پھر ان اولمپک کھیلوں کو اس دنیا کے لیے یکجہتی اور اتحاد کی عظیم علامت بنا دیں گے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اولمپک مشعل ’اُس تاریک سرنگ کے اختتام پر پھوٹنے والی روشنی ہو گی، جس میں اس وقت یہ دنیا ہے۔

7

آئی او سی کے سربراہ نے کرونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث ٹوکیو اولمپک اور پیرالمپک گیمز ایک سال تک ملتوی ہونے کے بعد پہلی بار جاپان کا دورہ کیا ہے۔

اس سے قبل بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے نائب صدر نے اعلان کیا تھا کہ کرونا ہونے یا نہ ہونے دونوں صورتوں میں آئندہ برس ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد لازمی کیا جائے گا۔

جان کوٹس کا کہنا تھا کہ ٹوکیو اولمپکس کا آغاز اگلے سال 23 جولائی سے ہوگا اور پورا ایونٹ اپنے شیڈول کے مطابق منعقد کیا جائے گا، جو پروگرام طے کرلیا گیا ہے اُن تاریخوں میں کسی بھی صورت کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

یاد رہے کہ کرونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والے اولمپکس کی نئی تاریخیں مقرر کی گئی ہیں۔ جس کے مطابق ٹوکیو اولمپکس 23 جولائی سے 8 اگست 2021ء میں ہوں گے، پہلے یہ مقابلے رواں برس 24 جولائی میں شیڈول تھے۔

دوسری جانب جاپان میڈیکل ایسوسی ایشن نے نئی تاریخوں پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ کھیلوں‌ پر نظر رکھنے والے کئی تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ مستقبل میں اولمپکس کا انعقاد مشکل ہے، اس کی بڑی وجہ بے قابو مہلک وائرس ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے