لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ممکنہ سیریز کے حوالے سے غیرملکی وفد ملک میں سیکیورٹی انتظامات اور دیگر امور کا جائزہ لے رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے چار رکنی سیکیورٹی وفد نے راولپنڈی اور کراچی کے بعد لاہور کا دورہ کیا، جنوبی افریقی وفد نے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔
سیکیورٹی وفد نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کا بھی دورہ کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل جنوبی افریقہ کا وفد راولپنڈی اور کراچی کا دورہ کر چکا ہے جہاں اس نے سیکیورٹی صورت حال سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا۔
واضح رہے کہ کرکٹ جنوبی افریقہ کا وفد حالیہ دنوں پاکستان پہنچا ہے، جو ملک میں جنوبی افریقی ٹیم کے دورے کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لے رہا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
مشاہدے اور جائزے کے بعد یہ وفد اپنی رپورٹ کرکٹ جنوبی افریقہ کو فراہم کرے گا، بعد ازاں دونوں ٹیموں کے درمیان ممکنہ سیریز کو حتمی شکل دی جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم بھی آئندہ برس اپریل میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔