20 جنوری, 2021
8
خبریںامریکہبین الاقوامیفن و ثقافتہالی ووڈ

ارب پتی ہالی ووڈ اداکار جارج کلونی کا 25 سال سے اپنے سر کے بال خود ہی بنانے کا انکشاف

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق جارج کلونی نے ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ ڈھائی دہائیوں سے اپنے سر کے بال خود ہی بناتے اور کاٹتے ہیں۔

جارج کلونی نے انکشاف کیا کہ ان کے بال بہت ہی گھنے، لمبے اور خشک ہیں، اس وجہ سے انہیں خود ہی اپنے بال کاٹنے اور بنانے میں مشکل پیش نہیں آتی اور زیادہ تر انہیں سر کے بال بنانے میں 2 منٹ لگتے ہیں۔

جارج کلونی نے بتایا کہ 25 سال قبل ہی انہوں نے سر کے بال بنانے والی مشین ’فلوبی‘ کا سیٹ خریدا تھا اور آج بھی وہ اسی مشین سے خود ہی اپنے بال بناتے ہیں۔

ارب پتی اداکار کی جانب سے خود ہی اپنے بال بنانے کے انکشاف کے بعد کئی لوگ حیران رہ گئے اور بعض لوگوں کا خیال ہے کہ اداکار نے بال بنانے والی مشین ‘فلوبی’ کی فروخت بڑھانے کے لیے ایسا کہا ہے۔

جارج کلونی کی جانب سے مشین سے خود ہی اپنے بال کاٹنے کے بیان پر تاحال ‘فلوبی’ کی کمپنی نے کوئی بیان نہیں دیا تاہم زیادہ تر لوگوں کا خیال ہے کہ اداکار نے بیان مارکیٹنگ کے لحاظ سے دیا ہو گا۔

’فلوبی‘ ایک ایسی ہیئرکٹنگ مشین ہے جسے ابتدائی طور پر 1985ء میں متعارف کرایا گیا تھا اور اسے کئی ہالی ووڈ فلموں، امریکی و یورپی ڈراموں میں بھی دکھایا گیا ہے۔

حال ہی میں کرونا کی وبا کے باعث لاک ڈاؤن لگنے کی وجہ سے ’فلوبی‘ کی فروخت میں اضافہ دیکھا گیا تھا اسی وجہ سے کئی لوگ جارج کلونی کے بیان کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ جارج کلونی نے 1978ء میں باضابطہ طور پر اداکاری کا آغاز کیا تھا اور ان کا شمار ہالی وڈ کی لیجنڈ اداکاروں میں ہوتا ہے انہوں نے دو آسکر ایوارڈز سمیت متعدد فلمی ایوارڈز جیت رکھے ہیں۔

جارج کلونی کا شمار دنیا کے امیر ترین اداکاروں سمیت امیر شخصیات میں بھی ہوتا ہے اندازے کے مطابق ان کی دولت 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہے۔

اداکار نے برطانوی نژاد لبنانی وکیل امل سے 2014ء میں شادی کی جارج کلونی کی اہلیہ ان سے 17 سال چھوٹی ہیں اور وہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق سے متعلق سفیر بھی رہ چکی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے