0
0
0
مسلمانوں کی اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز دیریلیس ارطغرل میں بہادر جنگجو کا مرکزی کردار نبھانے والے تُرک اداکار انجن التان دوزینتان عید کے دن پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی سکرین پر جلوہ گر ہوں گے.

 پاکستان ٹیلی ویژن نے ارطغرل غازی کے مداحوں کو ایک اور خوشخبری سنا دی عید الاضحی کے موقع پر ارطغرل غازی کے کردار اپنے پاکستانی مداحوں کے ساتھ عید کے چند لمحات گُزار یں گے اور اپنی زندگی کے بارے میں باتیں شئیر کریں گے.

پی ٹی وی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹر ہینڈلر سے انجن التان کی ایک ویڈیو شئیر کی جس میں انگن التان دل دل پاکستان اور پاکستان زندہ باد کہتے نظر آ رہے ہیں.

ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے پی ٹی وی نے کیپشن میں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ہفتہ یکم اگست کو شام ساڑھے 7 بجے ارطغرل غازی کے اہم کردار ارطغرل کا انٹر ویو ملاحظہ کریں.

اس سے قبل پی ٹی وی نے ایک اور پوسٹ شئیر کی تھی جس میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ عید کے دوسرے دن ان لوگوں سے ملا قات کروائی جائے گی جنہوں نے ارطغرل غازی کی اردو میں ڈبنگ کرنے کا کام سرانجام دیا اور اپنی آواز کے ذریعے پاکستان میں گھر گھر اسلام کے تاریخی محافظوں کا پیغام پہنچایا.

پی ٹی وی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ارطغرل غازی اردو ڈبنگ کی آوازوں کے ساتھ ایک ملاقات، اتوار 02 اگست شام 7.00 بجے صرف پی ٹی وی ہوم پر.

واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر 2019ء میں پی ٹی وی نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے بعد مسلمانوں کی فتوحات کی کہانی پر مبنی شہرہ آفاق ترکش ڈرامے دیریلیش ارطغرل کی اردو ڈبنگ کا آغاز کیا تھا۔

دنیا کے متعدد ممالک میں نشر ہونے کے بعد اب یہ پاکستان ٹیلی ویژن پریکم رمضان سے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر نشر کیا جارہا ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق بتایا گیا تھا کہ پی ٹی وی نے معروف ڈرامے دیریلیش ارطغرل کے اردو ترجمے کے بعد ایک اعلی مہارتی ٹیم کے ساتھ اس کی ڈبنگ شروع کی اور اسے پی ٹی وی پر نشر کرنا شروع کر دیا جس کے نشر ہوتے ہی اس ترک ڈرامے نے کئی ریکارڈ بنا ڈالے۔

ان سیریز میں تیرھویں صدی کے مسلمانوں کے اقدار کودکھایا گیا ہے اور اسلامی اقدار کو اس انداز میں پیش کیا گیا ہے کہ ہر مسلمان اس سیریز اور اس کے کرداروں کا دیوانہ ہےاس ڈرامے کو جو مقبولیت پاکستان میں حاصل ہوئی ہے وہ آج تک کسی بھی تُرک ڈرامے کو نہیں ملی اس ڈرامے اور کرداروں نے پاکستانیوں کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے-

اس ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیا م سے قبل کی ہے۔ ڈرامے کی مرکزی کہا نی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

آپ کا ردعمل؟

پوسٹ کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔


فیس بک کمنٹس