0
0
0
عشاء کی اذان ہوتے ہی شہر کے کئی لوگ بلا تفریق مذہب گرانٹ روڈ پر واقع بلال مسجد کا رخ کرتے ہیں، اور اس کا سبب وہاں سے جاری سبزیوں پر مشتمل کھانے کا لنگرِ رسول ﷺ ہے۔

تفصیلات کے مطابق ممبئی کے علاقے گرانٹ روڈ پر واقع بلال مسجد کی انتظامیہ رواں سال مارچ سے شہر کے ضرورت مندوں کیلئے لنگرِ رسول ﷺ کا اہتمام کر رہے ہیں۔
مسجد کی انتظامیہ سے وابستہ امین ڈبا والا کا کہنا ہے کہ سبزیوں پر مشتمل کھانا فراہم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ کسی کے بھی مذہبی عقائد اور عزت نفس کو ٹھیس نہ پہنچے ، ان کا کہنا تھا کہ یہ ہندو مسلم سب آتے ہیں اور ہم بلاتفریق مذہب سب کو کھانا فراہم کرتے ہیں۔ کھانےمیں 2 روز سبزی کا پلاؤ ہوتا ہے جبکہ باقی دن چاولوں سے بنی کھچڑی فراہم کی جاتی ہے۔
ایک اور ٹرسٹی محمد اسلم عبد الستار کا کہنا ہے کہ ان کا یہ سلسلہ انتہائی کامیابی سے جاری ہے اور اسے لوگوں میں پذیرائی مل رہی ہے، کوئی ہمیں فنڈ دے جاتا ہے ، کوئی چاول، سبزیاں یا تیل فراہم کر دیتا ہے اور یہ سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ اگر ایک سال تک ہمیں مزید فنڈ نہ ملیں تب بھی ہم یہ سلسلہ جاری رکھ سکتے ہیں۔
مسجد انتظامیہ کےمطابق اس لنگر سے بلا تفریق مذہب تمام لوگوں کو کھانا فراہم کیا جاتا ہے، یہ کھانا روزانہ رات ساڑھے آٹھ بجے سے نو بجے کے درمیان تقسیم ہوتا ہے اور اس مقصد کیلئے مسجد سے متصل عید گاہ میدان کا استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مسجد انتظامیہ نے یہ سلسلہ روزانہ 100 افراد کو کھانا فراہم سے کرانے سے شروع کیا تھا اور اب وہ روزانہ 200 افراد کو کھانا فراہم کررہے ہیں، مستقبل میں ان کا ارادہ اس سلسلے کو روزانہ 400 افراد تک لے جانے کا ہے۔

آپ کا ردعمل؟

پوسٹ کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔


فیس بک کمنٹس