0
1
0
تحریر: رض بٹ

اس سوال کے جواب اور جوابوں کی دلیلیں بہت ہیں۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ شادی مبارک کا دن کتنے ارمانوں سے بھرا ہوتا ہے۔ ماں باپ کا فرض ادا ہوتا ہے تو وہیں بہن، بھائی خوش اور رشتہ داروں کی شرکت، گویا شگنوں کا میلہ لگا ہوتا ہے۔ رسمیں اور خوشی کے لمحات، ایک طرف بیٹی کو دعاؤں کے ساتھ، قرآن کے سائے میں رخصت کیا جاتا ہے تو دوسری جانب گھر میں بہو کی آمد ہوتی ہے جسے سبھی بڑے ہی چاؤ سے خوش آمدید کرتے ہیں۔
نکاح ایک اہم دینی فریضہ ہے جس کی ڈور میں بندھے دو لوگ مل کر اپنی نئی زندگی کا آغاز کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ہی ہمارے معاشرے میں دو خاندانوں کا ملاپ بھی ہوتا ہے۔ شادی گھر والوں کی مرضی سے ہو  (یعنی ارینج میرج) یا پھر آپ کی پسند کی ہو (یعنی کہ لو میرج)، آپ اور آپ کی زندگی، کاغذ کے ٹکڑے پر کئے دستخط کے ساتھ ہی کسی اور کی ہو جاتی ہے۔ یوں آپ صرف آپ نہیں رہتے ہم ہو جاتے ہیں۔
قانونی حیثیت میں نکاح ایک کنٹریکٹ ہے جبکہ دینی لحاظ سے اہمیت کی بدولت اسے بہت مقدس مانا جاتا ہے۔ ہمارے نزدیک جہاں یہ انسانی نسل بڑھانے کے لئے ضروری ہے وہیں ہمارے معاشرے میں عورت کو مرد کا سہارا مل جاتا ہے، چھت مل جاتی ہے، سائبان بن جاتا ہے، بڑھاپے کا سہارا ہو جاتا ہے وغیرہ وغیرہ

میرے رب نے حضرت آدم (علیہ السلام) کے لئے اماں حوا کو پیدا کیا۔ یوں دنیا میں سب سے پہلا رشتہ میاں، بیوی کا تھا اور جنت میں بھی یہی ایک رشتہ ہو گا۔ ہمیشہ ہی یہ سوچ آتی ہے کہ آخر ایسا کیا ہے جو فقط یہ رشتہ ہی چنا گیا؟؟
بڑے بوڑھے کہا کرتے تھے کر رشتے آسمانوں پر بنتے ہیں اور شوہر کو مجازی خدا کا درجہ حاصل ہونے کی وجہ سے وہ لوگ ازدواجی زندگی کو عبادت کی طرح گزارتے اور گزارنے کی تلقین کرتے تھے۔
حقیقت میں انسانی فطرت ہے کہ وہ تنہائی سے دوری چاہتا ہے اور کسی کی قربت میں رہنا چاہتا ہے۔ اسی لئے ازدواجی زندگی انسان کے لئے اس کی زندگی کا سب سے اہم اور حسین باب ہوتا ہے۔ ایک جانب تو دو جسم، ایک جان ہو جاتے ہیں اور دوسری جانب اس رشتے میں خدا نے شفاء بھی رکھی ہے اور عورت کو کھیتی بھی کہا گیا ہے۔
معاشرے میں برائی نہ پنپنے پائے جبھی تو مرد کو چار شادیوں کی اجازت بھی ہے پر آج کل تو ایک کو ہی سنبھالنا مشکل ہو گیا ہے۔ وجہ نہیں وجوہات ہیں اس کی بہت مگر جڑ یہی ہے کہ ہم ذمہ داریوں سے بھاگتے ہیں، کمٹمنٹ گلے میں طوق کی طرح لگتی ہے، شادی پاؤں کی زنجیر محسوس ہوتی ہے اور سب سے اہم یہ کہ ہم جانتے ہی نہیں کہ انسان شادی کیوں کرتا ہے؟؟

تو بتائیے ذرا کہ انسان شادی کیوں کرتا ہے؟؟ یا کم از کم اتنا ہی بتا دیجیئے کہ آپ نے شادی کیوں کی؟؟ یا آپ شادی کیوں کرنا چاہتے ہیں؟؟

آپ کا ردعمل؟

پوسٹ کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔


فیس بک کمنٹس